کاروار:یکم جولائی (ایس اؤنیوز) اترکنڑا ضلع ورکنگ جرنلسٹ اسوسی ایشن کی طرف سے یوم ِ صحافت کے موقع پر منعقدہ صحافتی پروگرام میں ضلع کے 3صحافیوں کو ٹیگورایوارڈ سے نوازا گیا اور اُن کے اعزاز میں تہنیت کی گئی۔ پروگرام میں پبلک ٹی وی کی مین اینکر اور کراولی منجاؤ کے مینجنگ ایڈیٹرسمیت دیگر سنئیر صحافیوں کی بھی تہنیت کی گئی ۔
بنگلورو سے شائع ہونے والے روزنامہ سالار کے ضلعی رپورٹر جناب منظور فہیم ، جن مادھیاما کے مدیر اور سنئیر صحافی اشوک ہاسیاگار اور ٹی وی 9کے ضلعی رپورٹر سندیپ ساگر کو پروگرام میں مہمانوں نے ’’ٹیگورایوارڈ‘‘سے نواز کر ان کی عزت افزائی کی ۔ اسی موقع پرہنومنت رایا ریاستی ایوارڈ یافتہ کراولی منجاؤ کے مینجنگ ایڈیٹر گنگا دھر ہیرے گتی ، پبلک ٹی وی کی مین اینکر رادھا ہیرے گوڈر ، وجئے وانی اور دگوجئے کے مدیر اعلیٰ ہری پرکاش کونے منے ، ضلع پنچایت کے ایگزکیٹیو آفیسر چندرشیکھر نایک اور ضلع میں نئے طورپر نامزد ہوئے رابطہ آفیسر ہیمنت راج کی بھی تہنیت کی گئی ۔ اس موقع پر سیکڑوں افراد، اسکول و کالج کے طلبا وطالبات پروگرام میں شریک تھے۔